ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 17 مارچ سے دہلی اسمبلی کا اجلاس، کیلاش گہلوت 21 مارچ کو پیش کریں گے بجٹ

17 مارچ سے دہلی اسمبلی کا اجلاس، کیلاش گہلوت 21 مارچ کو پیش کریں گے بجٹ

Sun, 05 Mar 2023 23:00:06    S.O. News Service

نئی دہلی، 5/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی) سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی شراب پالیسی گھوٹالے میں سی بی آئی کے ذریعہ گرفتاری کے بعد کیجریوال حکومت میں وزارت خزانہ سنبھالنے والے کیلاش گہلوت دہلی کا بجٹ پیش کریں گے۔ 2015 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سابق نائب وزیر اعلیٰ سسودیا بجٹ پیش نہیں کریں گے۔

عام آدمی پارٹی کے مضبوط رہنما اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی شراب گھوٹالہ میں گرفتاری پر ہونے والے ہنگامے کے درمیان دہلی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دہلی اسمبلی کا اجلاس 17 مارچ سے شروع ہوگا جو 23 مارچ تک جاری رہے گا۔ اس دوران دہلی کا بجٹ 21 مارچ کو ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

گزشتہ اتوار کو سی بی آئی کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد منیش سسودیا کے دہلی کابینہ سے استعفیٰ دینے کے بعد ان کے پاس موجود قلمدان ان کے کابینہ کے دو ساتھیوں، کیلاش گہلوت اور راج کمار آنند کو دے دیئے گئے ہیں، جب تک کہ نئے وزراء کو شامل نہیں کیا جاتا۔

کیجریوال حکومت میں منیش سسودیا جن 18 محکموں کی سربراہی کر رہے تھے، ان میں کیلاش گہلوت کو آٹھ محکموں کی ذمہ داری دی گئی ہے، جن میں فائنانس اور پی ڈبلیو ڈی شامل ہیں، جب کہ تعلیم اور صحت سمیت دس دیگر اہم محکموں کی ذمہ داری وزیر راج کمار آنند کو دی گئی ہے۔


Share: